چیمپئنز ٹرافی 2025 کی فاتح ٹیم بھارت پر ڈالرز کی برسات

دبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار یہ ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور اس کے ساتھ ہی کروڑوں روپے کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ بھارت نے یہ ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور چیمپئن بن گیا۔فائنل جیتنے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے میڈلز اور چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ ایونٹ کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ سے قبل 14 فروری کو انعامی رقم کا اعلان کیا تھا، اور بھارتی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر 22 لاکھ 40 ہزار ڈالرز (تقریباً 62 کروڑ پاکستانی روپے) کی انعامی رقم ملی۔ دوسری جانب رنر اپ نیوزی لینڈ کو 11 لاکھ 20 ہزار ڈالرز (تقریباً 31 کروڑ پاکستانی روپے) انعامی رقم ملی۔ اس مرتبہ آئی سی سی نے مجموعی انعامی رقم میں گزشتہ ایڈیشن سے 53 فیصد اضافہ کیا تھا۔