
16 روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا آج اختتام ہو گا، جس کی اختتامی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میزبان ہوں گی، جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس شاندار ایونٹ میں 20 بڑے ایونٹس کے دوران لاکھوں شہریوں نے شرکت کی، جس سے نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
رپورٹ کے مطابق، 16 دن تک جاری رہنے والے ہارس اینڈ کیٹل شو میں 13 بین الاقوامی ٹیموں کے 20 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں ترکی، دبئی، باکو، یوکرین اور ایتھوپیا کے کھلاڑی شامل تھے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے اس ایونٹ کو بے حد کامیاب اور دلچسپ قرار دیا۔اس شو میں لاہور میں پہلی مرتبہ شندور پولو کے مقابلے منعقد ہوئے، جس سے شہریوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔ جیلانی پارک میں ہونے والے ڈاگ شو میں جرمن شیفرڈ اور دیگر اعلیٰ نسل کے کتوں نے عوام خصوصاً بچوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ اس کے علاوہ، 7 روزہ نیزہ بازی، بز کشی، تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ہارس اینڈ کیٹل شو میں پنجاب کلچرل نائٹس میں نامور فنکاروں کی پرفارمنس، گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی کلچرل نائٹ اور دودھ دینے والے جانوروں کے مقابلے بھی ہوئے۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے پھولوں کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا، جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ بچوں کے لیے چلڈرن فیسٹیول اور جیلانی پارک میں میوزک اینڈ فوڈ فیسٹیول نے تفریح کا بہترین سامان فراہم کیا۔ وینٹج کار شو میں نادر اور نایاب گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی، جسے سینکڑوں شائقین نے دیکھا۔ فیملیز کے لیے مین بلیوارڈ سے باغ جناح تک سائیکلوتھن کا انعقاد بھی ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا۔لاہور میں رستم پنجاب دنگل اور لاہور فورٹ میں صوفی فیسٹیول نے عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل کی۔ اس کے علاوہ، لاہور ایکسپو سینٹر میں پنجاب انڈسٹری اینڈ آرٹس کے حوالے سے نمائش بھی لگائی گئی۔
اختتامی تقریب میں فلیم اور ٹینٹ پیگنگ کا منفرد مظاہرہ، ڈرون شو اور آتشبازی کے رنگا رنگ مظاہرے ہوں گے۔ سینکڑوں ڈھولچی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ رستم پنجاب شو میں فن پہلوانی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ معروف گلوکار راحت فتح علی خان، عارف لوہار اور دیگر فنکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اختتامی تقریب پاکستان ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی جائے گی، تاکہ دنیا بھر میں موجود شائقین اس شاندار ایونٹ کا حصہ بن سکیں۔