کھیل

چیمپئنز ٹرافی 2025: کس کھلاڑی نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور سب سے زیادہ رنز بنائے؟

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا میلہ بھارت کی شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اتوار کو بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ بھارت نے یہ ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے فتح حاصل کی۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست کے باوجود، نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ نیوزی لینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر راچن رویندرا نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 263 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ راچن نے 4 میچز میں 2 سنچریاں بھی اسکور کیں اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بھارت کے شریاس آئیر 243 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ انگلینڈ کے بین ڈکٹ 227 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے 10 وکٹوں کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا۔ ہینری کو سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران چوٹ لگی تھی، جس کی وجہ سے وہ فائنل میں شرکت نہ کر سکے۔ بھارت کے ورون چکرورتی نے 3 میچز میں 9 وکٹیں لے کر دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ محمد شامی اور نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر نے 5 میچز میں 9 وکٹیں لے کر مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔

بھارت کی یہ کامیابی ٹیم کی محنت، یکجہتی اور ہر کھلاڑی کی بہترین کارکردگی کا نتیجہ تھی۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا یہ ایونٹ کرکٹ کے شائقین کے لیے یادگار اور پرجوش رہا، جس میں کئی نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button