مارک زکربرگ کا اے آئی سے متعلق بڑا انکشاف

کیلیفورنیا : میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ہماری زندگیوں کا اتنا اہم حصہ بن جائے گی کہ لوگ اسے دوست، مشیر، تھراپسٹ اور بزنس پارٹنر کے طور پر استعمال کریں گے۔
ایک کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے زکربرگ نے کہا کہ آج کل لوگ زیادہ دوست بنانا چاہتے ہیں، مگر وقت اور مصروفیات کے باعث ایسا ممکن نہیں ہو پاتا۔ ان کے مطابق اے آئی انسانوں کی اس کمی کو پورا کرے گی، اور ایسے افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہوگی جو تنہائی کا شکار ہیں یا کسی ماہر سے مشورہ نہیں لے سکتے۔انہوں نے کہا کہ اے آئی انسانوں کی طرح نہ صرف بات چیت کرے گی بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ ہماری پسند، ناپسند اور عادات کو بھی بہتر طور پر سمجھنے لگے گی۔ زکربرگ کے مطابق لوگ ایسے سسٹمز کو پسند کریں گے جو انہیں سمجھیں اور ان کے ساتھ تعلق قائم کریں۔انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ تحقیق کے مطابق ایک عام امریکی شہری کے تین سے بھی کم قریبی دوست ہوتے ہیں، اسی لیے اے آئی ایک اہم خلا کو پُر کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔