اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ: طلبہ کو براہ راست ڈیلیوری پر پابندی، منشیات کے خلاف سخت اقدامات کا حکم

اسلام آباد :اسلام آباد ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے طلبہ کو کسی بھی قسم کی براہ راست اشیاء کی ڈیلیوری پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دے دیا
عدالت نے ریمارکس دیے کہ "بچے پیزا منگواتے ہیں اور ساتھ منشیات بھی”، اس لیے اسکول و کالج میں براہ راست ڈیلیوریز بند کی جائیں۔جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر اور فوڈ ڈیلیوری سروسز کے ذریعے تعلیمی اداروں میں منشیات پہنچائی جا رہی ہیں، جن پر فوری طور پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایسے اسکول و کالج جو اس ہدایت پر عمل درآمد نہ کریں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل کی تشکیل سے متعلق رپورٹ بھی سیکریٹری کابینہ سے طلب کر لی۔ جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ "ابھی تک کونسل کیوں تشکیل نہیں دی گئی؟ وزیراعظم اس کے سربراہ اور تمام وزرائے اعلیٰ اس کے رکن ہیں”۔عدالت نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔