ملک میں سیمنٹ کی نئی قیمت سامنے آگئی

گزشتہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1380 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4.34 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ ہفتے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی اوسط قیمت 1322 روپے فی بوری تھی۔ جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا جہاں فی بوری کی اوسط قیمت 1382 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ ہفتے کے 1380 روپے کے مقابلے میں محض 0.12 فیصد زیادہ ہے۔
شہروں کی تفصیلات کے مطابق شمالی علاقوں میں لاہور میں سیمنٹ سب سے مہنگا 1450 روپے فی بوری کے حساب سے دستیاب رہا جبکہ راولپنڈی میں یہ 1333 روپے فی بوری کی قیمت پر فروخت ہوا۔ اسلام آباد میں سیمنٹ کی قیمت 1375 روپے، گوجرانوالہ میں 1400 روپے، سیالکوٹ میں 1370 روپے، فیصل آباد میں 1370 روپے، سرگودھا میں 1370 روپے، ملتان میں 1384 روپے، بہاولپور میں 1400 روپے، پشاور میں 1360 روپے اور بنوں میں 1367 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی۔
جنوبی علاقوں میں سکھر اور کوئٹہ میں سیمنٹ سب سے مہنگا 1450 روپے فی بوری کے حساب سے فروخت ہوا جبکہ کراچی میں یہ سب سے سستا 1314 روپے فی بوری کی قیمت پر دستیاب رہا۔ حیدرآباد میں سیمنٹ 1340 روپے، لاڑکانہ میں 1400 روپے اور خضدار میں 1337 روپے فی بوری کے حساب سے فروخت ہوا۔
ماہرین کے مطابق سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں پیداواری اخراجات میں اضافہ، ٹرانسپورٹ کے مسائل اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ شامل ہیں۔ صنعت سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔