ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون 2026 کے آخر یا 2027 کے شروع میں متوقع

جہاں متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فونز متعارف کرا دیے ہیں وہیں ایپل اب تک اس میدان میں پیچھے رہا ہے تاہم، تازہ رپورٹس کے مطابق ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون تیار کرنے کے قریب ہے جو 2026 کے آخر یا 2027 کے آغاز میں لانچ ہو سکتا ہے۔
ایپل کے حوالے سے مستند لیکس فراہم کرنے والے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے انکشاف کیا کہ ایپل کا یہ فولڈ ایبل آئی فون ’ بک اسٹائل ‘ ڈیزائن کا حامل ہوگا یعنی اسے کتاب کی طرح کھولا اور بند کیا جا سکے گا۔ان کے مطابق بند حالت میں اس کی اسکرین 5.5 انچ جبکہ کھلی حالت میں 7.8 انچ کی ہوگی۔منگ چی کیو نے بتایا کہ اس ڈیوائس کی قیمت 2,000 سے 2,500 ڈالرز کے درمیان ہو سکتی ہے جو اسے ایپل کا اب تک کا سب سے مہنگا آئی فون بنائے گی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی بلند قیمت کے باوجود تجزیہ کار کا ماننا ہے کہ یہ فون فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار OLED ڈسپلے سے لیس ہوگا جو ہزاروں بار کھولنے اور بند کرنے کے باوجود پائیدار رہے گا۔اس کے علاوہ اس میں ایک طاقتور نیا پراسیسر اور جدید کیمرا سسٹم بھی شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایپل واحد بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو اب تک کوئی فولڈ ایبل ڈیوائس مارکیٹ میں نہیں لا سکی۔اس سے قبل دسمبر 2024 میں بلومبرگ کی رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ ایپل سب سے پہلے بک اسٹائل فولڈ ایبل فون متعارف کرائے گا جو اب منگ چی کیو کی پیش گوئی سے مزید تقویت پا رہا ہے۔