ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم بدستور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے کئی دیگر اضلاع جیسے لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، قصور، فیصل آباد، ساہیوال، پاکپتن اور خانیوال میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں آندھی چلنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، پشاور اور کوہاٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر وہ علاقے جہاں گرد آلود ہوائیں اور آندھی متوقع ہے۔