بین الاقوامی

بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، پہلگام حملے پر بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا

نیویارک: پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور سینئر رہنما بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا گیا۔

ملاقات میں بلاول بھٹو نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل کو وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی خط بھی پیش کیا، جس میں موجودہ صورتحال پر پاکستان کے تحفظات اور امن کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔پاکستانی وفد کے سربراہ نے خبردار کیا کہ بھارت کے یکطرفہ اور جارحانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس اس خطے میں کسی بڑے تنازعے کو جنم دے سکتا ہے۔

مزید برآں، بلاول بھٹو نے پانی کے مسئلے پر بھی عالمی برادری کی توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر ‘آبی جنگ’ مسلط کی جا رہی ہے، جو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور پانی کے معاہدے کی بحالی کے لیے متحرک کردار ادا کرے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے امن کے لیے جذبے کو سراہا اور کہا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی میں کمی اور مسائل کے پرامن حل کی حمایت میں اقوام متحدہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button