بین الاقوامی

لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ: مناسک حج کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ

مکہ مکرمہ: دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان آج سے حج 2025 کے مناسک کا آغاز کر رہے ہیں۔ عازمینِ حج ظہر سے قبل مکہ مکرمہ سے منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ جمعرات کی صبح تک قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔

عازمین آج اپنی رہائش گاہوں پر احرام باندھ کر 2 نفل ادا کریں گے اور پھر منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔ منیٰ میں آج ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی جائیں گی۔

9 ذوالحجہ – وقوف عرفہ
جمعرات کو یعنی 9 ذوالحجہ کو تمام حجاج میدانِ عرفات کی طرف روانہ ہوں گے، جہاں حج کا رکنِ اعظم "وقوف عرفہ” ادا کیا جائے گا۔ خطبہ حج سننے کے بعد حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور سورج غروب ہونے تک میدانِ عرفات میں قیام کریں گے۔

رات مزدلفہ میں
مغرب کی اذان کے بعد بغیر نماز ادا کیے حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کریں گے۔ حجاج وہاں رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔

10 ذوالحجہ – قربانی، حلق اور احرام کی تکمیل
10 ذوالحجہ کو حجاج مزدلفہ سے واپس منیٰ آئیں گے، جہاں وہ بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیں گے۔

11 اور 12 ذوالحجہ – رمی اور طواف زیارت
11 ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں (چھوٹے، درمیانے، بڑے) کو سات سات کنکریاں ماری جائیں گی۔ اس کے بعد حجاج طواف زیارت اور صفا مروہ کی سعی کے لیے مسجد الحرام جائیں گے۔ 12 ذوالحجہ کو زوال کے بعد دوبارہ تینوں جمرات کی رمی کی جائے گی۔

13 ذوالحجہ – حج کی تکمیل
جو حجاج 13 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے وہ اس دن بھی رمی کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہوں کو روانہ ہو جائیں گے، یوں حج کے مناسک مکمل ہوں گے۔

پاکستانی حجاج کی سہولیات
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کے لیے مجموعی طور پر 952 بسیں فراہم کی گئی ہیں، جن میں 442 سرکاری سعودی کمپنی سے جبکہ 510 نجی شعبے سے حاصل کی گئی ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 25 ہزار 861 پاکستانی عازمین بسوں کے ذریعے، جبکہ 62 ہزار عازمین ٹرین کے ذریعے مشاعر (منیٰ، عرفات، مزدلفہ) کا سفر کریں گے۔ جمعرات سے پاکستانی حجاج 4 کلومیٹر طویل پیدل راستے یا سعودی شٹل سروس کے ذریعے حرم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button