کوہاٹ: گیس لیکج دھماکا، سابق وفاقی وزیر و سینیٹر عباس آفریدی جاں بحق

کوہاٹ:گیس لیکج دھماکے میں زخمی مسلم لیگ (ن) کے سابق وفاقی وزیر و سینیٹر عباس آفریدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
سینیٹر عباس آفریدی گزشتہ شام اپنے حجرے میں بیٹھے تھے کہ اچانک گیس لیکج کا دھماکا ہوا جس میں عباس آفریدی دیگر تین ساتھیوں سمیت زخمی ہو گئے تھے، عباس آفریدی کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ کھاریاں کے برن سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جاں بحق ہو گئے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے تصدیق کی تھی کہ عباس آفریدی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیئے گئے ہیں اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا گیس لیکج کی وجہ سے ہوا تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس آفریدی کی نماز جنازہ بابری بانڈہ کوہاٹ میں ادا کی جائے گی، ان کی اچانک وفات پر سیاسی و قبائلی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔