وزیراعظم شہباز شریف کا وسطی ایشیا کا دورہ، اہم معاہدے متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے وسطی ایشیا کے دو اہم ممالک، آذربائیجان اور ازبکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 24 فروری کو وہ دو روزہ دورے پر آذربائیجان جائیں گے، جبکہ 25 اور 26 فروری کو ازبکستان کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم کے ان دوروں کے دوران توانائی، دفاع، تجارت، ٹرانسپورٹ اور سرمایہ کاری سمیت کئی اہم شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔آذربائیجان کے دورے میں 2 ارب ڈالرز کے تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف باکو میں آذربائیجان کی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔
وہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیوو اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔دورۂ آذربائیجان اور ازبکستان کے دوران ٹرانس افغان ریلوے کوریڈور پر بھی اہم بات چیت ہوگی، جو وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا سے ریلوے کے ذریعے جوڑنے کا منصوبہ ہے۔ازبکستان کے دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کی صدر شوکت میرزیئیوو اور وزیراعظم عبداللہ ارئپوو سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔