بیشتر شہروں میں آج پھر سخت گرمی، بارش کہاں کہاں ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

ملک کے بالائی علاقوں میں آج رات سے جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، ہزارہ ، سوات اور مردان میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پشاور، چارسدہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ میں بھی بارش متوقع ہے۔کرک، ملاکنڈ، لکی مروت، وزیرستان میں جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش ہوگی، 24 مئی کو ژوب ،بارکھان، زیارت، سرگودھا، راجن پور، بھکر، لیہ میں بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں جاری گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، آندھی چلنے سے درختوں، سولر پینل، کھمبوں کو نقصان ہوسکتا ہے، عوام خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دوسری جانب لاہور میں ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی تو آئی لیکن محکمہ موسمیات نے موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی۔ کہا کہ ہیٹ ویو الرٹ برقرار ہے جس میں کمی اگلے ہفتے آئیگی۔ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آخر میں بارش کی نوید بھی سنائی ہے۔کراچی میں گرمی کم نہ ہوسکی۔ محکمہ موسمیات نے چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا۔ فی الحال کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔