آسٹریلیا میں سمندری طوفان الفریڈ کی تباہ کاریاں جاری، لاکھوں افراد متاثر

کینبرا: آسٹریلیا کی ریاستوں کوئنزلینڈ اور نیو ساؤتھ ویلز میں سمندری طوفان الفریڈ کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق، ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں چار لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ کئی سڑکیں اور پل بھی زیر آب آ چکے ہیں۔
طوفان کے باعث مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔کوئنزلینڈ کے شہر ہاوی بے میں چھ گھنٹوں میں 230 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔طوفان الفریڈ کی شدت برقرار ہے اور مزید بارشوں کی پیشگوئی کی جا رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔