پاکستان
کراچی: رنگ ساز لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور غیرملکی کرنسی لے اڑے

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان محافظ میں مبینہ طور پر مکان میں کلر کرنے والے مزدور لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور غیرملکی کرنسی لے اڑے۔
متاثرہ شہری نے پولیس کو تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے درخواست دے دی۔ شہری کا کہنا ہے وہ گھر پر رنگ ساز کمپنی سے کام کروا رہا تھا۔ اس دوران معلوم ہوا کہ کمرے میں پیسے اور سونا چوری ہوا ہے۔مدعی کے مطابق اس کے پرس سے 10 ہزار اماراتی درہم، باکس سے سونے کی تین چوڑیاں اور کانوں کی بالیاں چوری ہوئیں۔ شبہ ہے چوری اس وقت ہوئی جب کمرے میں کام چل رہا تھا۔ واردات میں ایک یا ایک سے زائد رنگ سازوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔مدعی نے کہا کہ اس کا پرس ، جیولری باکس اور دیگر جگہوں سے انگلیوں کے نشانات لیکر شواہد اکٹھے کیے جائیں۔ رنگ ساز ٹیم سے چوری سے متعلق تحقیقات کرکے سامان برآمد کروایا جائے۔