کالم

"امید، قیادت اور خدمت کا امتزاج — چوک اعظم میں ٹراما سنٹر کیلئے 6 کروڑ کے فنڈز جاری”

صحت وہ بنیادی انسانی حق ہے جس کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہوتی ہے۔ بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں، جہاں صحت کی سہولیات پہلے ہی ناپید یا ناکافی ہوتی ہیں، وہاں کسی بڑے منصوبے کا آغاز ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ ایسا ہی ایک خوش آئند قدم حکومت پنجاب کی جانب سے چوک اعظم کے عوام کیلئے اٹھایا گیا ہے، جہاں ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک اعظم میں ٹراما سنٹر کی تعمیر کیلئے چھ کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

یہ فنڈز ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فراہم کیے گئے ہیں، اور یہ بات باعث فخر ہے کہ اس اہم منصوبے کی بحالی اور فنڈز کی منظوری کے پیچھے ڈپٹی کمشنر لیہ محترمہ امیر ابیدار کی سنجیدہ، مخلص اور مؤثر کوششیں شامل ہیں۔ ان کی شبانہ روز محنت، ذاتی دلچسپی اور عوامی خدمت کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ یہ ان کی قیادت کا ہی نتیجہ ہے کہ ایک طویل عرصے سے زیر التواء منصوبہ بالآخر تکمیل کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

چوک اعظم اور اس کے نواحی علاقوں کی جغرافیائی اہمیت اپنی جگہ ہے۔ یہاں سے گزرنے والی ایم ایم روڈ جنوبی پنجاب کی ایک مصروف اور حادثات سے بھرپور شاہراہ ہے۔ آئے روز ہونے والے حادثات میں زخمیوں کو فوری طبی امداد میسر نہ ہونے کے سبب قیمتی جانیں ضائع ہوتی رہیں۔ ایسے میں ایک مکمل اور فعال ٹراما سنٹر کا قیام نہایت ضروری تھا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت علاج ممکن ہو سکے۔

یہ منصوبہ نہ صرف طبی سہولت ہے بلکہ عوامی ریلیف، انسانی جانوں کے تحفظ اور حکومتی سنجیدگی کا عملی مظاہرہ ہے۔ ٹراما سنٹر کی تکمیل سے چوک اعظم، لیہ، کروڑ، فتح پور اور دیگر قریبی علاقوں کے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ اس سے نہ صرف ہسپتال کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ عملہ بھی بہتر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکے گا۔

ڈپٹی کمشنر امیر ابیدار نے نہ صرف اس منصوبے کو دوبارہ زندگی دی بلکہ حکومتی ایوانوں میں اس کی اہمیت اجاگر کر کے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ ان کی انتظامی بصیرت اور علاقہ مکینوں کیلئے ہمدردی قابل تقلید ہے۔ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ جب ضلعی قیادت مخلص ہو تو تبدیلی ناگزیر ہو جاتی ہے۔

حکومت پنجاب کی صحت دوست پالیسی کے تحت اس منصوبے کا آغاز یقیناً ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ایسے منصوبے حکومتی وژن کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ عوام کو بنیادی سہولیات دینا صرف نعرہ نہیں بلکہ عملی عزم ہے۔

اب جبکہ فنڈز جاری ہو چکے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں شفافیت، رفتار اور معیار کو مقدم رکھا جائے۔ کسی قسم کی تاخیر یا غیر ذمہ داری اس عظیم مقصد کو داغدار کر سکتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو چاہیے کہ وہ عوامی اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کریں۔

چوک اعظم کا ٹراما سنٹر صرف ایک عمارت نہیں بلکہ ایک امید ہے، ایک نئی صبح کا آغاز ہے، جو صحت کے شعبے میں انقلاب لا سکتی ہے۔ ہم سب کو بحیثیت شہری اس منصوبے کی کامیابی کیلئے دعاگو بھی ہونا ہے اور اس کے بہتر استعمال کیلئے اپنا کردار بھی ادا کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button