شوبز

شوبز ستارے بھی میدان میں، افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین

لاہور : بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلااشتعال میزائل حملوں کے بعد پاک افواج کی مؤثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی پر ملک بھر کی شوبز انڈسٹری نے افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ معروف فنکاروں نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک افواج کے بروقت اور بھرپور جواب کو سراہا ہے۔

پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے بھارتی حملے کو "بزدلانہ اقدام” قرار دیا اور کہا کہ "ہم اپنی افواج اور ملک کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ وقت اتحاد کا ہے۔”اداکار بلال عباس خان نے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کارروائی کو "ذلت آمیز اور قابل مذمت” قرار دیا۔اداکارہ ماورا حسین، جو بھارتی فلم صنم تیری قسم میں کام کر چکی ہیں، نے حملوں کو کھلے عام بزدلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ایسے حملے انسانی ہمدردی کی تمام حدیں عبور کرتے ہیں۔”

گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے اپنے پیغام میں قائداعظم کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی آزادی کی قدر آج پہلے سے کہیں زیادہ محسوس ہو رہی ہے، بھارت کا اقدام انتہائی افسوسناک ہے۔”اداکارہ عروہ حسین نے کہا”یہ جنگ نہیں، ایک انا پر مبنی کھیل ہے جس میں معصوم جانیں جارہی ہیں۔”

اداکار منیب بٹ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، ہم اپنے شہریوں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔ بھارت کا یہ حملہ ناقابلِ فراموش ہے۔”پاکستان اور بھارت دونوں میں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا شرمناک ہے، اس کی کوئی توجیہ نہیں دی جا سکتی۔”اداکار اسامہ خان نے کشیدگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "جنگ کا راستہ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے۔”پاکستانی فنکار برادری کی جانب سے اس یکجہتی نے واضح کر دیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم ایک پیج پر ہے اور اپنے دفاع میں متحد ہے۔

پاکستان زندہ باد!

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button