پاکستان

نوشکی: دالبندین روڈ پر بس کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

نوشکی:نوشکی میں دالبندین روڈ پر بس کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی میں دالبندین روڈ پر سکیورٹی فورسز کی بس کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا، شہر میں سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوشکی دالبندین روڈ پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک دشمن وطن عزیز میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

دہشتگردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے: ترجمان بلوچستان حکومت

دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔انہٟوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔شاہد رند نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں، بے گناہ افراد کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ عمل ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں، دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button