تجارت
پاکستان اور چین کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت میں باہمی تعاون پر اتفاق

پاکستان اور چین نے کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت (AI) میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر آئی ٹی، شزا فاطمہ سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ ای گورننس اور ڈیجیٹل تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران، دونوں ممالک نے پاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔
اس ملاقات میں پاکستان کے طلبا کے لیے چین میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس کے ڈگری پروگرامز کی پیشکش اور آئی سی ٹی، اے آئی، اور ڈیجیٹل گورننس میں تربیتی تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔ یہ تعاون دونوں ممالک کے لیے تکنیکی ترقی کے نئے دروازے کھولنے کا سبب بنے گا اور پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرے گا۔