پاکستان
کمشنر کا ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ، صفائی بہتر بنانے کی ہدایت

راولپنڈی:کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عملے کی حاضری چیک کی اور مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور او پی ڈی کے معائنہ کے دوران صفائی کی صورتحال مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ طبی آلات و مشینری کی حالت کے جائزہ کے دوران انہوں نے بہتری کیلئے رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز سنیں اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو بہتری کے احکامات جاری کیے۔ ادھر کمشنر راولپنڈی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں نالہ لئی اور گرد و نواح کی صفائی اور مون سون سے قبل ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ کمشنر نے کہا نالہ لئی کے ارد گرد نکاسی آب کا نظام بھی بہتر بنایا جائے۔