ڈار کے امارات ،کویت،بحرین ہنگری کے وزراخارجہ سے رابطے

اسلام آباد :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات،کویت،بحرین اور ہنگری کے وزراخارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کئے اور انہیں علاقائی صورتحال بشمول بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور پاکستان کے خلاف غیر قانونی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔
منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداﷲ بن زید النہیان سے بات چیت کی۔ نائب وزیراعظم نے انہیں بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات کے جواب میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
شیخ عبداﷲبن زید النہیان نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے ، بات چیت کو فروغ دینے ، تحمل سے کام لینے اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ عبداﷲعلی الیحیی نے ٹیلی فون کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ عبداﷲ علی الیحیی نے پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کو کویت کی حمایت کا یقین دلایا۔
اسحاق ڈار نے منگل کو بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ نائب وزیراعظم نے بحرینی ہم منصب کو ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارتو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو نے بات چیت اور مسائل کے پرامن حل کے ذریعے صورتحال کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔