
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں جدید سفری سہولتوں کے قیام کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں، جس میں ایئرلائن "ایئر پنجاب” اور بلٹ ٹرین منصوبے شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سلسلے میں اہم ہدایات جاری کی ہیں، جن کے تحت فوری طور پر صوبائی ایئرلائن کے آغاز کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
پنجاب حکومت نے "ایئر پنجاب” کے لیے فوراً 4 جدید ایئر بسوں کے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ابتدائی طور پر اندرون ملک پروازوں کا آغاز ہوگا۔ ایک سال کے بعد ایئر پنجاب بیرون ملک پروازیں شروع کرنے کی صلاحیت بھی حاصل کرے گی۔مریم نواز نے لاہور سے راولپنڈی تک چلائی جانے والی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں، جس سے سفر کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے تک کم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ میں پاکستان ریلوے کے ساتھ اشتراک اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید 6 شہروں کے لیے ہائی اسپیڈ ٹرین منصوبوں کی تفصیلات طلب کیں، جن میں لاہور سے شاہدرہ، رائیونڈ، لودھراں، جھنگ، سرگودھا، اور فیصل آباد تک ٹرین چلانے کا منصوبہ شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے گجرانوالہ کے ماس ٹرانزٹ لائن اور یلو لائن پراجیکٹس پر بھی جلد عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ، ای ٹیکسی پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے بھی مزید اقدامات کی بات کی گئی۔