پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک، اُشنا شاہ کا طنزیہ جواب

کراچی: پہلگام حملے کے بعد بھارتی حکومت نے ایک بار پھر بغیر ثبوت پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے نیا قدم اٹھایا ہے۔ بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے متعدد پاکستانی فنکاروں اور کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کر دیے ہیں۔
بھارت میں جن مشہور پاکستانی شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کیے گئے، ان میں اداکارہ اُشنا شاہ بھی شامل ہیں۔ اُشنا شاہ نے اس فیصلے پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا: "میری دنیا ہی اُجڑ گئی ابھی، مودی جی یہ کیا کر دیا” اور ساتھ میں رونے اور ٹوٹے دل کے ایموجیز کا استعمال کیا۔اُشنا کے اس مزاحیہ جواب کو سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی ملی۔ ایک صارف نے لکھا، "کاش یہ طنز مودی کو سمجھ میں آجائے”، جبکہ دوسرے نے کہا، "جنہیں آپ سمجھا رہی ہیں، وہ عقل کے کچے ہیں، ورنہ ایسا بچکانہ کام کبھی نہ کرتے۔”
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت میں ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور علی ظفر سمیت کئی پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس بلاک کیے جا چکے ہیں، اور کچھ مقبول کرکٹرز کو بھی اسی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔




