پاکستان

پنجاب میں 11 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی ریکارڈ انرولمنٹ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں تعلیم کے شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی ہے

چند ماہ کے دوران 11 لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں داخل کیا گیا۔ یہ اقدام پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور دیگر اصلاحاتی منصوبوں کے تحت ممکن ہوا، جس کی وزیر اعلیٰ نے خصوصی اجلاس میں تفصیلات حاصل کیں۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 11 ہزار سے زائد سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو چکی ہے، جس کے مثبت نتائج میں بچوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم اور متعلقہ اداروں کو شاباش دیتے ہوئے سکول مینجمنٹ کونسل کو 10 ارب روپے کے فنڈز سے 90 دنوں میں سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک سال میں تمام سکولوں میں درکار کلاس رومز بنانے، 580 بوسیدہ اور 2770 خستہ حال سکول عمارتوں کی تعمیر و مرمت، اور پانچ لاکھ بچوں کو سپوکن انگلش کی تربیت دینے کا بھی ہدف مقرر کیا ہے۔انہوں نے غذائی قلت کا شکار اضلاع میں سکول میل پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے، اور ہر ضلع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے نوازشریف سکول آف ایمیننس کے قیام کی ہدایت دی۔ اگلے مالی سال میں 250 سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پانچ سالہ منصوبے کے تحت 1750 سکول اپ گریڈ ہوں گے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 10 تحصیلوں میں 300 ٹیک-ایڈ سکول بنیں گے، جبکہ آؤٹ سورس شدہ سکولوں میں سینکڑوں کلاس رومز، چاردیواری، بیت الخلا اور واٹر ٹینکس تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ نوازشریف سکول آف ایمیننس جدید سہولتوں جیسے سمارٹ بورڈز، آئی ٹی لیب، سائنس لیب اور ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ سے آراستہ ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلی لانا چاہتی ہیں، اور ہر سکول کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button