پشاور میں ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کے استعمال پر پابندی، دفعہ 144 نافذ

پشاور :خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کے اڑانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام موجودہ سیکیورٹی صورتحال، عوامی تحفظ اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ پابندی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور اس کا دورانیہ ابتدائی طور پر 30 دن مقرر کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔