بین الاقوامی
ترکیہ میں بڑی پیش رفت، کردستان ورکرز پارٹی نے مسلح جدوجہد ختم کرنے کا اعلان کر دیا

انقرہ :ترکیہ میں دہائیوں سے سرگرم کردستان ورکرز پارٹی (PKK) نے اپنی عسکری سرگرمیوں کا اختتام کرتے ہوئے تنظیم کو ختم کرنے اور ہتھیار ڈالنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان تنظیم کی بارہویں مرکزی کانگریس کے دوران کیا گیا، جہاں بانی رہنما عبداللہ اوجالان کی ہدایات کی روشنی میں تاریخی فیصلہ لیا گیا۔تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، "ہم ہتھیار ڈال رہے ہیں، اب مزید کوئی مسلح جدوجہد نہیں ہوگی۔” یہ بیان PKK کی چار دہائیوں پر محیط جدوجہد کے اختتام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ترکی میں کردوں کے لیے خودمختار ریاست کا قیام تھا۔ترکی کی حکمران جماعت اے کے پارٹی نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے "دہشت گردی سے پاک ترکی کی جانب اہم پیش رفت” قرار دیا ہے۔ پارٹی ترجمان عمر سیلک نے کہا کہ یہ قدم خطے میں امن کے قیام میں معاون ثابت ہو گا۔




