وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بھارتی ڈرون حملے میں زخمی نوجوان کی عیادت

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے نوجوان توقیر عباس کی ہولی فیملی ہسپتال میں عیادت کی۔
توقیر عباس وہی نوجوان ہیں جو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ہونے والے حملے میں زخمی ہوئے، جبکہ ان کے کزن اور 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی علی حیدر شہید ہو گیا تھا۔محسن نقوی نے ہسپتال میں توقیر عباس کی خیریت دریافت کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمی نوجوان کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، خاص طور پر ان کی آنکھ کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت توقیر عباس کی آنکھ بچانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت قوم کو فتح نصیب ہوئی ہے۔یاد رہے کہ شہید علی حیدر اور ان کے کزن توقیر عباس و منظور فیصل معمولی روزگار سے وابستہ تھے اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر چپس اور برگر فروخت کر کے اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے تھے۔