پنجاب میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمے ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے لے کر 19 مئی تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، اور ہیٹ ویو کے شدید اثرات متوقع ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ چند روز میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19 مئی کی شام سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پنجاب میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں 19 سے 20 مئی کے دوران کچھ علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم ہوگا۔دوسری جانب جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہےاور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔
پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جن میں دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز، پانی کا وافر استعمال، ہلکے کپڑوں کا استعمال اور بزرگ و بچوں کا خاص خیال رکھنا شامل ہیں۔