بھارتی جارحیت پر عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے حکومتی وفد یورپ بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کے لیے یورپ میں اعلیٰ سطحی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ وفد مختلف ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھے گا۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا اور انہیں وفد کی سربراہی کی ذمہ داری سونپی۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی اور خرم دستگیر بھی اس وفد میں شامل ہوں گے۔وفد کا مقصد مختلف یورپی ممالک میں جا کر پاکستان کا امن پسند مؤقف پیش کرنا اور بھارتی جارحانہ اقدامات سے متعلق عالمی برادری کو آگاہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان دیگر خطوں میں بھی وفود بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ بھارت کے خلاف سفارتی مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ادھر، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں وزیراعظم کی جانب سے رابطہ کر کے پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کی درخواست کی گئی، جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ، "مجھے فخر ہے کہ ان مشکل حالات میں میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ میں پاکستان کے مؤقف کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔”