خضدار سکول بس حملے میں زخمی ایک طالبہ شہید، 5 کی حالت تشویشناک

کوئٹہ :خضدار میں سکول بس پر دہشت گردانہ حملے کی ایک زخمی طالبہ دم توڑ گئی، شہداء کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 12 سالہ زخمی طالبہ کو گزشتہ روز کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، دھماکے کے 35 زخمی زیرِ علاج ہیں جن میں سے 5 بچیوں کی حالت تشویشناک ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم ہسپتال میں زیر علاج تھی مگر زخموں کی شدت سے جانبر نہ ہو سکی۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بس پر حملے کے 36 زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب خضدار میں بس پر دہشت گرد حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ خضدار میں درج کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی کے حکام کے مطابق مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔گزشتہ روز خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ایک سکول بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں 3 بچیوں سمیت پانچ افراد شہید ہوئے تھے، اب شہداء کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔