ملک کے زیادہ تر علاقوں میں جولائی تا ستمبر معمول سے زائد بارشوں کی توقع

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے مون سون سیزن 2025 کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سیلاب اور دیگر موسمیاتی مسائل کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ڈی جی موسمیات مہر صاحبزاد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ جولائی سے ستمبر کے دوران وسطی و شمالی پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے برعکس جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع اور گلگت بلتستان میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال درجہ حرارت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگا، خاص طور پر سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید گرمی پڑنے کا خدشہ ہے، جو گلیشیئرز کے پگھلنے اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کا باعث بن سکتی ہے، جس سے شمالی علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔موسمی صورتحال کے نتیجے میں زرعی پیداوار، پھلوں کی فصلوں اور بجلی کی فراہمی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔