عیدالاضحیٰ پر کھالوں کی اجازت صرف رجسٹرڈ اداروں کو ہوگی:محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز جاری کردیے

کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر سیکیورٹی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے جامع ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، بغیر اجازت کھالیں جمع کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف وہی فلاحی ادارے جو سرکاری سطح پر رجسٹرڈ ہوں اور جنہیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی تحریری اجازت حاصل ہو، قربانی کی کھالیں جمع کر سکیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق لاؤڈ سپیکر، بینرز یا پمفلٹس کے ذریعے کھالوں کے لیے عوام سے اپیل کرنا قانونی طور پر ممنوع ہوگا۔ زبردستی یا دھمکی کے ذریعے کھالیں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف کھالیں ضبط کی جائیں گی بلکہ متعلقہ افراد پر مقدمہ درج کر کے کھالیں منظور شدہ اداروں کو منتقل کی جائیں گی۔محکمہ داخلہ نے اجتماعی قربانی سے متعلق بھی ضوابط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجتماعی قربانی کی اجازت صرف متعلقہ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر سے منظوری کے بعد دی جائے گی۔ عید کے ایام کے دوران اسلحہ لائسنس معطل رہیں گے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔ایس او پیز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے عید کے دنوں میں شہر بھر میں نگرانی کریں گے اور کھالوں کی غیر قانونی جمع آوری، اشتعال انگیزی یا خلاف ورزیوں پر موقع پر کارروائی عمل میں لائیں گے۔