پاکستان

پاکستان کی ترقی خوارج کے خاتمے تک ممکن نہیں:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خوارج کا خاتمہ نہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہماری حکومت کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور ہم اس دوران اپوزیشن کے کسی بھی اسکینڈل سے بچنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس دوران کابینہ میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کا حکومت اور عوام دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے رمضان کے مہینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں خدمت انسانیت کی طرف راغب کرتا ہے اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام اللہ کی رحمت سے اس مہینے کی برکات سے فیضیاب ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت حکومت نے اس سال 20 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو 40 لاکھ خاندانوں کو جدید طریقے سے پہنچائے جائیں گے۔

شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد لوگ شہید ہوچکے ہیں اور کشمیر میں خونریزی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی امداد روکنا انتہائی ظلم ہے اور اس پر ہمیں عالمی سطح پر آواز اٹھانی ہے۔معاشی معاملات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال پہلے پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے قریب تھی، مگر حکومت نے عالمی اداروں سے بات چیت کے ذریعے اس بحران سے نکالا ہے۔ آج عالمی ادارے پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کا سفر اب شروع ہو چکا ہے اور یہ کامیابی تمام اتحادی جماعتوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button